امریکہ میں ایک ٹرک ڈرائیور کو 25 اپریل 2019 میں 110 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ٹرک ڈرائیور روجیل ایگوئلیرا میڈیروس پر الزام تھا کہ اس نے اپنی گاڑی سے دو درجن گاڑیوں کو روند ڈالا۔ اس حادثہ میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ حادثہ کا سبب ٹرک کا بریک فیل ہونا بتایا گیا تھا۔ اس تعلق سے گزشتہ دنوں میڈیروس کو راحت کی خبر ملی۔ اس کی سزا 110 سال سے گھٹا کر 10 سال کر دی گئی ہے۔ یعنی 5 سال بعد وہ اپنی فیملی کے ساتھ آزاد فضا میں سانس لے سکے گا۔

میڈیروس کی سزا 110 سال سے 10 سال ہونے کے پیچھے ہالی ووڈ اداکارہ کِم کرداشیاں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ انھوں نے ٹرک ڈرائیور کی رِہائی کے لیے مہم چھیڑ رکھی تھی اور کئی ٹوئٹ کیے تھے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ کئی لوگوں نے ٹرک ڈرائیور کی حمایت میں آواز اٹھائی۔ میڈیروس کی سزا کم کیے جانے کے بعد کرداشیاں نے کولوراڈو کے گورنر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’اب وہ (ٹرک ڈرائیور میڈیروس) 5 سال بعد جیل سے باہر نکل کر اپنے بیٹے اور بیوی کے پاس جا سکیں گے۔‘‘

’ڈیلی میل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جب ڈرائیور کو سزا سنائی گئی تھی تو ان پر 27 معاملوں میں الزامات طے ہوئے تھے۔ سزا سنائے جانے کے بعد میڈیروس نے متاثرہ کنبوں سے معافی بھی مانگی تھی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا تھا کہ یہ سڑک حادثہ غلطی سے ہوا ہے۔