سچن تندولکر ایسی شخصیت کا نام ہے جو میدان کے اندر کے ساتھ ساتھ میدان کے باہر بھی اپنی روشنی بکھیرتی رہتی ہے۔ جب ساتھیوں کو ضرورت ہوتی ہے تو وہ ہمیشہ ان کی مدد کے لیے آگے آتے ہیں۔ وراٹ کوہلی کے ساتھ بھی سچن نے کئی بار دوستانہ رویہ اپنایا۔ کوہلی کے تعلق سے سچن تندولکر نے 2014 کا ایک واقعہ بیان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کوہلی نے ان سے جب زیادہ وقت ساتھ گزارنے کی خواہش ظاہر کی تھی تو انہوں نے بخوشی اس خواہش کو پورا کیا تھا۔

سچن تندولکر نے گراہم بینسنگر سے بات چیت کرتے ہوئے  کوہلی اور ان کے درمیان کے کئی راز سے پردہ اٹھایا ہے۔ سچن نے کوہلی کی جم کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے دوست ہیں۔ انہیں کیریئر کی اس اونچائی پر دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے۔ میں نے ان میں ایک آگ اور بھوک دیکھی ہے۔ سچن نے بتایا کہ 2014 میں انگلینڈ دورے کے دوران کوہلی نے ان سے رابطہ کیا تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ میں اس کے ساتھ کافی وقت گزاروں، میں نے وہی کیا۔ ہم نے کئی معاملوں پر باتیں کیں۔ اس وقت مجھے لگا کہ یہ بہتر کھلاڑی ہوگا۔

غور طلب ہے کہ 2013 میں جب سچن تندولکر نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا تھا تو اس وقت کوہلی کے انٹرنیشنل کیریئر میں 5 سال ہو چکے تھے۔ اس کے بعد کوہلی بہت کم برسوں میں ہی عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔