سابق ہندوستانی کھلاڑی پارتھیو پٹیل نے ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب انہوں نے 2014 میں وراٹ کوہلی سے جسپریت بمراہ کو آر سی بی کی ٹیم میں لینے سے متعلق بات کہی تھی تو ان کا جواب تھا ’’چھوڑو نہ یار، یہ بمراہ-وُمراہ کیا کریں گے۔‘‘ شاید اس وقت کوہلی بمراہ کو ہلکے میں نہ لے کر اپنی ٹیم میں شامل کر لیتے تو آج آر سی بی کا بالنگ اٹیک کافی مضبوط ہوتا۔

جسپریت بمراہ نے 2013 میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا تھا اور اپنے پہلے ہی اوور میں کوہلی کو آؤٹ کر دیا تھا۔ پورے میچ میں 3 وکٹ لے کر وہ لوگوں کی نظروں میں آ گئے تھے۔ پارتھیو پٹیل نے بتایا کہ کوہلی کو اس وقت بمراہ میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اس لیے میں نے جب بمراہ کو ٹیم میں لینے کی سفارش کی تو انہوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

غور طلب رہے کہ پارتھیو اُن دنوں گجرات کے کپتان تھے اور انہوں نے بمراہ کو قریب سے دیکھا تھا اور ان کی صلاحیت سے بخوبی واقف تھے۔ پارتھیو نے یہ بھی بتایا کہ 2013 کے بعد اگلے دو سال جسپریت کے لیے اچھے نہیں گئے۔ یہاں تک کہ 2015 میں خراب مظاہرے کی وجہ سے بیچ سیزن میں ہی انہیں گھر بھیجنے کی باتیں ہونے لگی تھیں۔ پھر جسپریت نے دھیرے دھیرے اپنے کھیل میں بہتری لائی، ساتھ ہی ممبئی انڈینس کا بھی خوب سپورٹ ملا جس کے بعد وہ دنیائے کرکٹ میں اپنا لوہا منوانے میں کامیاب ہوئے۔