بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کے سربراہ لالو پرساد یادو کا دہلی واقع ایمس میں علاج چل رہا ہے۔ 10 جولائی کو انھیں سی سی یو (کریٹیکل کیئر یونٹ) سے کمرے میں منتقل کیا گیا اور اب وہ کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ اس درمیان لالو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے دہلی ایمس پر بھگوت گیتا پاٹھ کرنے اور سننے سے روکنے کا الزام عائد کیا ہے۔ حالانکہ اس الزام پر فی الحال ایمس انتظامیہ کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

تیج پرتاپ نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’والد محترم کو اسپتال میں شریمد بھگوت گیتا کا پاٹھ کرنے اور سننے سے روک دیا گیا، جبکہ والد محترم کو گیتا پاٹھ کرنا اور سننا بہت پسند ہے۔ گیتا پاٹھ سے روکنے والے اس جاہل کو یہ نہیں معلوم کہ اس گناہِ عظیم کی قیمت اسے اسی زندگی میں ادا کرنی ہوگی۔‘‘

ٹوئٹ کی ساتھ تیج پرتاپ نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں بھگوت گیتا پاٹھ کرنے کے فائدے بتائے گئے ہیں۔ اس میں لکھا ہے ’’گیتا شاستر مکمل نسل انسانی کی فلاح کے لیے ہے۔ کوئی بھی شخص کسی بھی طبقہ، آشرم یا ملک میں واقع ہو، وہ خلوص کے ساتھ گیتا کا پاٹھ کرنے پر روحانیت حاصل کر سکتا ہے۔ اس لیے فلاح کی خواہش کرنے والے انسانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ گیتا پڑھیں اور دوسروں کو پڑھائیں، یہی فلاح کا راستہ ہے۔ جئے شری کرشن۔‘‘