کئی سالوں تک جیل میں رہنے کے بعد راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سربراہ لالو پرساد کو ضمانت ملی تو وہ دہلی میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں تھے۔ مختلف امراض میں مبتلا لالو کی طبیعت کچھ بہتر ہوئی تو وہ گزشتہ دنوں پٹنہ پہنچے۔ بہار میں ہوئے 2 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کو لے کر انھوں نے انتخابی تشہیر بھی کی۔ لیکن اب ان کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے جس کے سبب واپس دہلی آنا پڑا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق انھوں نے پٹنہ پہنچنے کے بعد کھانے پینے میں بداحتیاطی کی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ گردے اور قلب کے مرض سے پریشان لالو کی پیچیدگیاں بڑھ گئیں۔

بہتر علاج کے لیے لالو پرساد گزشتہ بدھ کو دہلی پہنچے۔ ان کے ساتھ بیوی رابڑی دیوی، بیٹی میسا بھارتی اور بیٹے تیجسوی یادو بھی دہلی آئے۔ ڈاکٹروں نے یہاں ان کا مکمل چیک اَپ کیا، اور بتایا جا رہا ہے کہ ان کی رپورٹ سنگاپور بھیجی گئی ہے۔ دراصل سنگاپور میں لالو کے ہریانہ والے سمدھی کے ایک رشتہ دار قابل ڈاکٹر ہیں۔ وہ لگاتار لالو کی ہیلتھ رپورٹ پر اپنی نظر رکھ رہے ہیں۔ جس طرح سے لالو پرساد اپنی پوری فیملی کے ساتھ دہلی پہنچے ہیں، اس سے ان کی صحت کی خرابی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ آنے والے دو تین دنوں میں ان کی صحت سے متعلق کچھ واضح خبریں سامنے آ سکتی ہیں۔ فی الحال اتنا بتایا گیا ہے کہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے وہ دہلی واپس آئے ہیں۔