یارکر کنگ کے نام سے مشہور سری لنکائی تیز گیندباز لستھ ملنگا نے ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اب اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریر پر فل اسٹاپ لگا دیا ہے۔ وہ ٹیسٹ اور یک روزہ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور ٹی-20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا مطلب یہ ہے کہ اب وہ بین الاقوامی کرکٹ میں کبھی 550 وکٹ پورے نہیں کر پائیں گے۔ ملنگا نے سری لنکا کے لیے 30 ٹیسٹ میچ، 226 یک روزہ میچ اور 84 ٹی-20 میچ کھیلے جس میں انھوں نے 546 وکٹ حاصل کیے۔

لستھ ملنگا نے اپنا آخری ٹی-20 بین الاقوامی میچ مارچ 2020 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا اور وہ ان کے بین الاقوامی کرکٹ کا بھی آخری میچ ثابت ہوا۔ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے 2011 میں اور یک روزہ کرکٹ سے 2019 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ ٹی-20 کرکٹ میں 100 وکٹ حاصل کرنے والے لستھ ملنگا نے رواں سال جنوری میں فرنچائزی کرکٹ سے بھی اس وقت ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جب انھیں ممبئی انڈینز نے ریلیز کر دیا تھا۔

ملنگا نے بین الاقوامی کرکٹ میں سبھی طرح کے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بذریعہ ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’اپنے ٹی-20 جوتوں کو لٹکا رہا ہوں۔ کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔ ان سبھی کا شکریہ جنھوں نے میرے سفر میں میرا ساتھ دیا اور آنے والے سالوں میں نوجوان کرکٹروں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘