پٹنہ: گزشتہ دنوں مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی، جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار کی تازہ تصنیف ’نقوش تابندہ‘ کے رسم اجرا کی تقریب آل انڈیا ملی کونسل، بہار کے دفتر پھلواری شریف میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مفکر اسلام مولانا انیس الرحمن قاسمی (قومی نائب صدر، آل انڈیا ملی کونسل) نے فرمایا کہ ’’یہ کتاب عمدہ مضامین و قیمتی مقالات کا مجموعہ ہے، جس سے دینی رہنمائی اور بہت سے موضوعات پر وقیع معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔ دعا ہے کہ مولانا کی دیگر تصانیف کی طرح اس کو بھی قبولیت عامہ حاصل ہو۔‘‘

ڈاکٹر مولانا عتیق الرحمن قاسمی (صدر، آل انڈیا ملی کونسل، بہار) نے ’نقوش تابندہ‘ سے متعلق کہا کہ ’’مولانا محمد عالم قاسمی کو لکھنے پڑھنے کا عمدہ ذوق ہے، اس لیے ان کے قلم گہر بار سے معیاری کتابیں منصۂ شہود پر آتی رہتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ اسے شرف قبولیت بخشے۔‘‘ ڈاکٹر نور السلام ندوی نے اس کتاب پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’کتاب کے عرض مصنف میں اردو ادب کے حوالے سے مختصر لفظوں میں ادبی تاریخ پر عمدہ روشنی ڈالی گئی ہے۔ قرآن مجید کے اردو تراجم پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے، اور اردو صحافت پر بھی گرانقدر مبسوط مقالہ ہے۔ اس عمدہ تصنیف پر مولانا موصوف کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘

تقریب میں ڈاکٹر عارف الاسلام (گورنمنٹ طبی کالج، پٹنہ)، اعجاز شعیب، مولانا سجاد احمد ندوی، مولانا محمد اکرم قاسمی، مولانا فاروق قاسمی، مولانا مفتی جمال الدین قاسمی اور ظفر عالم وغیرہ بھی شامل ہوئے۔

(پریس ریلیز)