پٹنہ: امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے مرکزی دفتر پھلواری شریف، پٹنہ میں پرفیسر آفتاب عالم قاسمی کی کتاب ’مناسک حج و عمرہ مع چہل حدیث‘ کا اجراء امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ انھوں نے کتاب کی ستائش کرتے ہوئے مؤلف کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب میں مولانا ابوالکلام قاسمی شمسی (سابق پرنسپل، مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ، پٹنہ) مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ مولانا محمد شبلی القاسمی (قائم مقام ناظم، امارت شرعیہ)، مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی (نائب ناظم، امارت شرعیہ)، مولانا فاروق رحمانی مونگیری اور مولانا شمیم اکرم رحمانی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا ابوالکلام قاسمی شمسی نے فرمایا کہ مؤلف نے اس کتاب کی تالیف میں محنت اور عرق ریزی سے کام لیا ہے۔ نیز قرآن حکیم اور احادیث سے بھرپور استفادہ کیا ہے۔ کتاب کی زبان آسان اور سہل ہے اور یہ عوام و خواص سب کے لیے یکساں مفید ہے۔

مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے کتاب کے تعلق سے اپنا خیال ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب عازمین کی ضرورت پوری کرے گی۔ یہ نہ بہت طویل ہے اور نہ بہت ہی مختصر، مطالعہ آسان اور اس پر عمل آسان تر ہے۔ اس ترتیب سے آیات اور موضوع سے متعلق چہل احادیث کا مجموعہ میری نظر سے نہیں گزرا۔ علاوہ ازیں مولانا محمد سراج الہدیٰ ندوی ازہری (استاد حدیث، سبیل السلام، حیدر آباد) نے پروفیسر آفتاب کی باضابطہ اس پہلی تالیف کو اپنے موضوع پر مرتب دلنشین اور معلومات افزا قرار دیا۔

(پریس ریلیز)