آندھرا پردیش اسمبلی میں 19 نومبر کو جو کچھ ہوا اس نے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا۔ سابق وزیر اعلیٰ اور تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) سربراہ چندربابو نائیڈو نے ایوان میں ذاتی حملوں سے مایوس ہو کر اس وقت تک ایوان میں قدم نہ رکھنے کا عزم ظاہر کیا جب تک کہ وہ اقتدار میں نہیں آ جاتے۔ انھیں اس بات سے شدید تکلیف پہنچی کہ ایوان میں ان کی بیوی کا نام لے کر بے عزت کیا گیا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چندربابو نائیڈو کی آنکھیں نم تھیں جب وہ ایوان میں اپنی باتیں رکھ رہے تھے۔ اب معروف اداکار این ٹی آر جونیئر نے چندربابو نائیڈو کی حمایت میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کی ہے۔
ویڈیو میں این ٹی آر جونیئر نے چندربابو نائیڈو کے خلاف کیے جا رہے نازیبا تبصروں کی شدید مذمت کی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہم جو بھی بات کرتے ہیں، وہ ہماری شخصیت کو متعارف کرتی ہے۔ سیاست میں تنقید اور منھ توڑ جواب کافی عام ہے، لیکن یہ سبھی عوامی ایشوز تک محدود ہونے چاہئیں۔ نجی معاملات یا حملوں سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔‘‘
2 منٹ 19 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں این ٹی آر جونیئر آگے کہتے ہیں کہ ’’کل اسمبلی کے واقعہ نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ خواتین کی عزت کرنا ہماری ثقافت ہے، یہ ایک روایت ہے جو ہم میں موجود ہے۔ اور ہمیں ایسی روایت کو اپنی آنے والی نسلوں تک لے جانا چاہیے۔‘‘