فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے معروف اداکار یوسف حسین کا 30 اکتوبر کو انتقال ہوگیا۔ یہ اطلاع بالی ووڈ ڈائرکٹر ہنسل مہتا نے سوشل میڈیا پر دی۔ ہنسل مہتا نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے غم انگیز ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ سچ میں یتیم ہوگئے ہیں۔
ہنسل اپنی پرانی یاد کو تازہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں ’’میں نے فلم ’شاہد‘ کے 2 شیڈول پورے کر لیے تھے، لیکن پھر بھی میں اٹک رہا تھا۔ میں پریشانی میں تھا۔ ایک فلم ساز کے طور پر میرا کیریئر تقریباً ختم ہونے کو تھا۔ اسی وقت وہ (یوسف حسین) آئے اور بولے میرے پاس ایک فکسڈ ڈپازٹ ہے ۔ اگر تم پریشانی میں ہو تو وہ استعمال کرو، میرے لیے کسی کام کا نہیں ہے۔ انہوں نے مجھے چیک سائن کر کے دی اور ’شاہد‘ مکمل ہوئی۔ ایسے تھے یوسف حسین۔ آپ میرے لیے ایک والد کی طرح تھے۔ اگر زندگی زندہ ہوتی تو وہ شاید انہی کی شکل میں ہوتی۔‘‘
ہنسل مہتا نے آگے لکھا ہے ’’یوسف صاحب میں آپ کی دی ہوئی اس نئی زندگی کا شکر گزار ہوں۔ میں سچ میں یتیم ہو گیا ہوں۔ اب میری زندگی پہلے جیسی نہیں ہوگی۔ میں آپ کو یاد کرنے والا ہوں۔ میری اردو خراب ہی رہے گی، اور ہاں- لَو یو، لَو یو، لَو یو۔‘‘ واضح رہے کہ یوسف حسین نے ’وِواہ‘، ’دھوم-‘2، ’کھویا کھویا چاند‘، ’کریزی ککڑ فیملی‘ اور ’روڈ ٹو سنگم‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔