لیجنڈس لیگ کرکٹ کے فائنل مقابلے میں چھکوں کی بارش کے درمیان ورلڈ جائنٹس نے ایشیا لائنس کو 25 رنوں سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔ فائنل مقابلے میں دھماکے دار بلے بازی کا نظارہ دیکھنے کو ملا اور میچ میں 40 اوور میں کُل 487 رن بنے۔ پورے میچ میں 38 چھکے لگے، جس میں ورلڈ جائنٹس کے 22 اور ایشیا لائنس کے 16 چھکے شامل ہیں۔

ورلڈ جائنٹس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر 256 رنوں کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا، جس کا پیچھا کرتے ہوئے ایشیا لائنس کی ٹیم نے زبردست مقابلہ کرتے ہوئے 231 رن تو بنا ڈالے لیکن 25 رنوں سے فائنل میچ ہار گئی۔ جائنٹس کے لیے کوری اینڈرسن نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر 7 چوکے اور 8 چھکوں کی مدد سے 94 رن بنائے۔ اس کے علاوہ کیون پیٹرسن نے 22 گیندوں پر 2 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 48 رن کا تعاون دیا۔ بریڈ ہیڈن نے 37 اور ڈیرن سیمی نے 38 رنوں کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 250 کے پار پہنچا دیا۔

257 رنوں کا پیچھا کرنے اتری ایشیا لائنس کی ٹیم نے جئے سوریہ (38) اور دلشان (25) کی بدولت 57 رن کا اچھا آغاز کیا، لیکن کوئی بھی کھلاڑی بڑا اسکور بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ محمد یوسف کے 39، تھرنگا کے 25 اور اصغر افغان کے 24 رنوں نے ٹیم کا اسکور 8 وکٹ پر 231 رن پہنچانے میں مدد کی۔