شمالی ہند میں اس وقت زوردار سردی پڑ رہی ہے۔ کئی ریاستوں میں سرد لہر سے لوگ کانپ رہے ہیں۔ دہلی میں درجہ حرارت 3.2 ڈگری سلسیس تک گر گیا ہے۔ شمالی ہند کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت 2.5 سے 6 ڈگری سلسیس کے درمیان ہے۔ ہریانہ، پنجاب، راجستھان، ہماچل سے لے کر کشمیر تک ٹھنڈ سے سبھی ٹھٹھر رہے ہیں۔ کئی مقامات پر تو درجہ حرارت مائنس میں ہے اور لداخ کی تو ندی جم گئی ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اس شدید سردی کی وجہ ’لا-نینا‘ ہے! جی ہاں، لا-نینا۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں اس ’لا-نینا‘ کے بارے میں جس کا تعلق بحر اوقانیاس ہے۔
لا-نینا موسم میں تبدیلی کا سبب بننے والے ایک پیچیدہ عمل کا نام ہے۔ یہ اسپینش لفظ ہے جس کا مطلب ہوتا ہے ’چھوٹی بچی‘۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ’ال-نینو‘ اور ’لا-نینا‘ بحر اوقیانوس کی سمندری سطح کے درجہ حرارت میں ہونے والی تبدیلی سے پیدا حالات کے نام ہیں۔ سائنسی زبان میں بحر اوقیانوس میں خط استوا (ایکویٹر) سے اوپر 140 سے 120 ڈگری کے درمیان کے حصے کو نینو-3.4 کہتے ہیں۔ جب اس علاقہ میں سمندری سطح کا درجہ حرارت معمول سے نیچے ہوتا ہے تو اس حالت کو ’لا-نینا‘ کہتے ہیں۔ اس سے دنیا بھر کے موسم پر اثر پڑتا ہے۔ لا-نینا کی وجہ سے ہندوستان میں زبردست ٹھنڈ اور بارش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں نینو علاقہ میں درجہ حرارت بڑھنے کو ’ال-نینو‘ کہتے ہیں، اور اس صورت میں گرمی بڑھتی ہے۔