ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان کے خلاف شکست کے بعد جب محمد شامی کو ٹرول کیا گیا تھا، تو ان کے بچاؤ میں وراٹ کوہلی سمیت کئی اہم شخصیتیں سامنے آئی تھیں۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی محمد شامی کو ہمت دی تھی اور کہا تھا کہ نفرت سے بھرے ہوئے لوگوں کی باتوں پر توجہ نہ دیں۔ اب جبکہ نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی فیملی کو سوشل میڈیا پر نفرت کا سامنا ہے، تو راہل گاندھی ان کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے ہیں۔
دراصل کوہلی کی معصوم بیٹی (9 ماہ) کو عصمت دری کی دھمکی دی گئی ہے۔ ایسے حالات میں راہل گاندھی نے کوہلی کو ہمت دی ہے اور ان کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’پیارے وراٹ، یہ لوگ نفرت سے بھرے ہیں، کیونکہ کوئی انہیں پیار نہیں دیتا۔ انہیں معاف کردو۔ آپ اپنی ٹیم کو بچاؤ۔‘‘
غور طلب ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی عالمی کپ میں 2 شرمناک شکست کے بعد سوشل میڈیا ٹرولرس تنقید میں اپنی حدیں پار کر چکے ہیں۔ کوہلی کے ساتھ ایسا برتاؤ صرف ہندوستانی شکست کے سبب نہیں ہو رہا، بلکہ انھوں نے محمد شامی کا دفاع کیا تھا، اس سے بھی کچھ لوگ ناراض ہیں۔ کوہلی نے محمد شامی کی تنقید کرنے والوں پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کے مذہب کی بنیاد پر اسے نشانہ بنانا شرمناک ہے۔ کوہلی نے ٹرولرس کو ’بغیر ریڑھ کی ہڈی والے لوگ‘ کہا تھا۔