سیاسی پارٹیاں اپنے تیز طرار لیڈروں کو ترجمان بناتی ہیں تاکہ وہ پارٹی کی باتیں میڈیا کے سامنے اچھی طرح پیش کر سکیں۔ کئی بار یہ ترجمان اپنی چرب زبانی کے دَم پر وہاں بھی بازی مار لیتے ہیں جہاں ان کی پارٹی کی پالیسی غلط رہتی ہے۔ ’ایکسچینج4میڈیا‘ نے اس تعلق سے ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے تحت اس نے ملک کے 50 سرکردہ سیاسی ترجمانوں کی فہرست جاری کی۔ یعنی سبھی سیاسی پارٹیوں کے 50 بہترین ترجمان۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں بی جے پی ترجمان سمبت پاترا کو پہلا مقام حاصل نہیں ہوا جو کہ مخالفین کو کسی بھی حال میں اپنے اوپر حاوی ہونے دینا پسند نہیں کرتے۔

جاری فہرست میں سمبت پاترا کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے اور پہلے مقام پر ان کے ساتھی سدھانشو ترویدی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرفہرست پانچ ترجمانوں میں تین کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیا کو چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ اب آپ کے ذہن میں یہ سوال ہوگا کہ تیسرا اور پانچواں مقام کس نے حاصل کیا؟ اس کا جواب ہے کانگریس کے ترجمانوں نے۔ جی ہاں، تیسرے مقام پر رندیپ سرجے والا ہیں جو ہر معاملے میں بی جے پی حکومت کو سخت ٹکر دیتے ہیں۔ کانگریس ترجمان ابھشیک منو سنگھوی کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔ اگلے پانچ پوزیشن میں دو بی جے پی (سید ظفر اسلام، شاذیہ علمی)، ایک عآپ (راگھو چڈھا)، ایک شیو سینا (پرینکا چترویدی)، اور ایک سماجوادی پارٹی (انوراگ بھدوریا) ترجمان شامل ہیں۔