ڈانس ریلٹی شو ’سپر ڈانسر چیپٹر 4‘ کا فنالے سنیچر کے روز سونی انٹرٹینمنٹ چینل پر لوگوں نے بڑی تعداد میں دیکھا۔ ننھی معصوم ڈانسر فلوروینا گگوئی نے فنالے میں سب کا دل جیتتے ہوئے خوب ووٹ حاصل کیے اور چمپئن بن گئی۔ اس موقع پر وہ جذباتی بھی ہو گئی اور کہا کہ ’’مجھے نہیں پتہ کیا کہوں۔ میں بہت خوش ہوں۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں اس دن کو کبھی بھول پاؤں گی۔ جنھوں نے مجھے ووٹ کیا اور مجھے سپورٹ کیا ان سبھی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘
اپنے ڈانس پرفارمنس سے سپر ڈانسر چیپٹر 4 کے ججوں شلپا شیٹی، گیتا کپور اور انوراگ بسو کو حیران کرنے والی فلورینا نے فنالے میں بھی زبردست ڈانس کا مظاہرہ کیا۔ فلورینا کے چمپئن بننے کے بعد شلپا شیٹی نے اس ننھی ڈانسر کی خوب تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’فلورینا اور تشار کے لیے بہت خوش ہوں۔ شو میں ان کا پورا سفر کمال کا رہا ہے۔ انھیں ایک پروفیشنل ڈانسر کی شکل میں بدلتے ہوئے دیکھا۔ وہ اس ٹرافی کی حقدار تھی۔‘‘
چمپئن بننے کے بعد آسام کی فلورینا گگوئی کو بطور انعام ایک ٹرافی اور 15 لاکھ روپے دیے گئے۔ اس موقع پر فلورینا کے مینٹر تشار شیٹی کو بھی 5 لاکھ روپے کا چیک ملا۔ سپر ڈانسر چیپٹر 4 کے فنالے میں کرناٹک کے پرتھوی راج نے دوسرا مقام، پنجاب کے سنچت چنانا نے تیسرا مقام، مدھیہ پردیش کی نیرجا تیواری نے چوتھا مقام، اور دہلی کی ایشا مشرا نے پانچواں مقام حاصل کیا۔