اپنے متنازعہ بیانات کے لیے سرخیوں میں رہنے والی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رانوت ان دنوں اپنے ریلٹی شو ’لاک اَپ‘ کے لیے لگاتار خبروں میں ہیں۔ وہ اس پروگرام کی اینکرنگ کر رہی ہیں۔ اس شو میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی ہستیاں شریک ہیں اور ہر نئے ایپی سوڈ میں کچھ نہ کچھ ہنگامہ ضرور ہوتا ہے۔ ’لاک اَپ‘ سے متعلق تازہ خبر یہ سامنے آئی ہے کہ اس میں ’لو جہاد‘ کا عنصر پیدا ہو گیا ہے۔ جی ہاں، پروگرام کا ایک پرومو سامنے آیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر انجلی اروڑہ مشہور اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی سے اظہارِ عشق کر رہی ہیں۔
’لاک اَپ‘ میں انجلی اور منور کے درمیان خوشگوار رشتہ شروع سے ہی دیکھا گیا ہے۔ جو اس پروگرام کو دیکھتے ہیں وہ دونوں کے درمیان دوستی کو بخوبی محسوس کرتے ہیں۔ لیکن ’لاک اَپ‘ کے آئندہ ایپی سوڈ کا پرومو ظاہر کر رہا ہے کہ ان دونوں کے درمیان معاملہ دوستی سے آگے کا ہے۔
پرومو میں منور سے انجلی پوچھتی ہیں ’’کیا وہ ان سے ملنے شو کے بعد دہلی آئیں گے؟‘‘ جواب میں منور کہتے ہیں ’’انھیں دہلی کیوں آنا ہے؟‘‘ کچھ دیر تک دونوں ہنسی مذاق کرتے ہیں، پھر انجلی ’آئی لو یو‘ (میں تم سے محبت کرتی ہوں) کہہ دیتی ہیں۔ یہ سن کر منور شرما جاتے ہیں۔ چونکہ منور مسلم ہیں اور انجلی ہندو، تو کوئی حیرانی نہیں ہوگی جب آنے والے دنوں میں شدت پسند ہندوتوا تنظیمیں اسے ’لو جہاد‘ کہہ کر ہنگامہ شروع کر دیں۔