کامیڈین ویر داس کے ذریعہ امریکہ میں ایک شو کے دوران پڑھے گئے کچھ متنازعہ جملوں نے ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ ان جملوں کی وجہ سے مدھیہ پردیش حکومت نے ان کے پروگرام پر ریاست میں پابندی لگا دی ہے۔ وزیرداخلہ نروتم مشرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ مسخرے ہیں جو ہندوستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ایسے شخص کو ریاست میں کسی پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک کہ وہ معافی نہ مانگ لیں۔

نروتم مشرا نے ویر داس کے ساتھ ساتھ کانگریس کو بھی اپنے نشانے پر لیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہیں جو ہر بار ملک کو بدنام کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں، اور جہاں بھی ہندوستان کو بدنام کرنے کی بات آتی ہے اس کی حمایت کے لیے کانگریس کھڑی ہو جاتی ہے۔ راہل گاندھی، کمل ناتھ اور کپل سبل بھی اسی صف میں کھڑے ہیں۔

دراصل ویر داس نے امریکہ میں اپنی نظم ’آئی کم فرام ٹو انڈیاز‘ (میں دو ہندوستان سے آتا ہوں) میں کچھ متنازعہ باتیں کہی تھیں۔ اس کے بعد ہندوستان میں ان کی تنقید ہو رہی  ہے۔ ویر داس نے انگریزی میں پڑھی گئی اس نظم میں ہندوستان کے دو طرح کے چہرے ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔ نظم میں ایک طرف خواتین کی عزت کیے جانے، اور دوسری طرف ان کی عصمت لوٹنے کا بھی تذکرہ تھا۔ اس کے بعد سے کچھ لوگ لگاتار ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔