آج 4 مئی ہے، یعنی لاؤڈاسپیکر سے متعلق راج ٹھاکرے کے دیے گئے الٹی میٹم والا دن۔ 4 مئی کی علی الصبح بوقت فجر جب مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں لاؤڈاسپیکر پر اذان کی صدائیں گونج رہی تھیں تو اس سے کہیں زیادہ تیز آواز میں ہنومان چالیسا بجایا گیا۔ مہاراشٹر نونرمان سینا سربراہ راج ٹھاکرے کے اشارے پر تنظیم کے کئی کارکنان بدھ کی صبح ممبئی کے چارکوپ علاقہ سمیت ریاست کے کئی شہروں میں بوقت اذان ہنومان چالیسا بجاتے نظر آئے۔ اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ اس عمل کے بعد پولس نے نوی ممبئی کے ایم این ایس چیف یوگیش شیٹے سمیت کئی پارٹی لیڈران و کارکنان کو حراست میں لیا ہے۔
دراصل مہاراشٹر میں مسجدوں سے لاؤڈاسپیکر ہٹانے اور اس پر اذان نہ دیے جانے کا مطالبہ راج ٹھاکرے نے پوری شدت کے ساتھ کیا ہے۔ دوسری طرف مہاراشٹر حکومت نے اس بات کا پختہ انتظام کیا ہے کہ راج ٹھاکرے کی اس تحریک سے ماحول کشیدہ نہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ جب 4 مئی کی صبح ممبئی اور ناسک سمیت کئی شہروں میں اذان کے وقت ہنومان چالیسا بجایا گیا تو مقامی انتظامیہ نے سخت کارروائی کی اور کئی لوگوں کو حراست میں لے لیا۔ ناسک میں نماز فجر کے دوران بھی ہنومان چالیسا بجایا گیا۔ اس تعلق سے سات ایم این ایس خاتون کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ باندرا، بھیونڈی اور ناگپور میں بھی اذان کے دوران ہنومان چالیسا بجانے کی خبریں مل رہی ہیں۔