مہاراشٹر میں پنچایت اور وارڈ اراکین کے انتخاب کا نتیجہ آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ثابت ہوا ہے۔ سرپنچ انتخاب میں پارٹی امیدوار انیتا بال بھیم کو کامیابی ملی ہے۔ علاوہ ازیں 7 وارڈ اراکین کی بھی جیت ہوئی ہے جن کے نام ہیں بال بھیم مالی، سیدابی شیخ، منیشا ادسولے، کلمہ شیخ، ورشا سرودے، دانوری راج شری اور پرتمیش پاٹل۔
مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کو ملی اس کامیابی کے بعد پارٹی کی قومی صدر ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاستی حکومت دیہی علاقوں کو بھول گئی ہے اور شہروں میں اسمارٹ سٹی کے خواب فروخت کر رہی ہے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ مہاراشٹر کے گاؤں میں پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔ مہیلا امپاورمنٹ پارٹی ایسے گاؤں میں اپنے خرچ سے بورنگ کروائے گی تاکہ لوگوں کی پریشانیاں کم ہوں اور پارٹی کے تئیں اعتماد میں بھی اضافہ ہو۔
پارٹی کی اس کامیابی پر مہاراشٹر ریاستی کارگزار صدر سنیتا تپسوندرائے نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ جیت دراصل پارٹی کی ‘جسٹس فار ہیومینٹی’ والی سوچ کی جیت ہے۔ بہرحال، پنچایت انتخاب میں کامیابی کے بعد ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ اب وہ ممبئی نگر نگم کی سبھی سیٹوں پر امیدوار کھڑا کرنا چاہتی ہیں۔ اس کے لیے پارٹی ایگزیکٹیو بورڈ کی میٹنگ میں قرارداد پیش کیا جائے گا۔ جو لوگ مہیلا امپاورمنٹ پارٹی سے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، ان کی درخواستیں بھی ممبئی واقع پارٹی دفتر میں موصول ہونے لگی ہیں۔