اپنی بہترین اداکاری کے ذریعہ کروڑوں فلم شائقین کے دلوں پر بادشاہت کرنے والے شاہ رخ خان کی گزشتہ کچھ فلمیں فلاپ ہونے سے کئی طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ کچھ فلمی ناقدین ان کی صلاحیت پر انگلی اٹھانے لگے ہیں، تو کچھ ان کی بڑھتی عمر کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ اس درمیان مشہور و معروف ہدایت کار اور اداکار مہیش مانجریکر نے کہا ہے کہ ’’شاہ رخ آج رنبیر کپور اور رنویر سنگھ والے کردار کرتے ہیں، تو بھلا لوگ انھیں کیوں دیکھیں گے۔ لوگ شاہ رخ خان کو ان کرداروں میں دیکھنا چاہتے ہیں جس سے احساس ہو کہ یہ کردار شاہ رخ خان کا تھا۔‘‘ مانجریکر کا کہنا ہے کہ شاہ رخ ایک شاندار اداکار ہیں اور انھیں محدود دائرے سے باہر آنا چاہیے۔

اپنی یہ رائے مہیش مانجریکر نے ایک انٹرویو کے دوران دی۔ انھوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ دقت یہ ہے کہ وہ ایک دائرے میں بندھ گئے ہیں اور اس سے باہر نکلنا نہیں چاہتے۔ انھیں لگتا ہے کہ ’میری یہ فلم چلی، تو اس کنفرٹ زون میں رہ کر فلم کی جائے‘۔ بہر حال، بہت جلد شاہ رخ خان فلم ’پٹھان‘ کے ساتھ بڑے پردے پر دکھائی دینے والے ہیں۔ تین سال قبل یعنی 2018 میں ریلیز ہوئی ان کی فلم ’زیرو‘ نے فلم ناظرین اور ناقدین کو کافی مایوس کیا تھا۔ لوگ امید کر رہے ہیں کہ ’پٹھان‘ سے ایک بار پھر شاہ رخ خان اپنی پرانی شناخت قائم کریں گے۔