مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بی جے پی سے اب قومی سطح پر مقابلہ کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رسالہ ’جاگو بنگلہ‘ کے تازہ شمارہ میں ایک مضمون لکھا ہے جس میں مستقبل کے اپنے منصوبے کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی ہے۔ مضمون میں انھوں نے کانگریس کے خلاف بھی آواز اٹھائی ہے اور لکھا ہے کہ بی جے پی سے لڑنے میں کانگریس ناکام رہی ہے، اب یہ ذمہ داری ترنمول کانگریس کی ہے۔
مضمون میں ممتا بنرجی نے ٹی ایم سی کو نیا اپوزیشن چہرہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ بی جے پی کے خلاف لڑائی میں کانگریس بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ اس لیے ہندوستان کے لوگوں نے ٹی ایم سی کو فاشسٹ بھگوا پارٹی کو ہٹا کر ایک نیا ہندوستان بنانے کی ذمہ داری دے دی ہے۔ ممتا نے یہ بھی لکھا ہے کہ مغربی بنگال میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے خلاف شاندار جیت کے بعد ٹی ایم سی نے ملک بھر کے لوگوں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ٹی ایم سی کو عوام کی پہلی پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگال کی سرحدوں کو پار کرتے ہوئے مختلف ریاستوں سے فون آ رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ بنگال ایک نئے ہندوستان کے لیے لڑائی کی قیادت کرے۔ ہمیں لوگوں کی خواہشوں کو پورا کرنا ہے، سبھی بی جے پی مخالف طاقتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔