بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں ریکارڈ کامیابی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو نندی گرام میں ملی شکست کا غم کافی حد تک ہلکا کر دیا ہے۔ نتیجہ برآمد ہونے کے بعد ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) امیدوار ممتا بنرجی نے ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے بھوانی پور میں 1 لاکھ 15 ہزار ووٹ ملے۔ ووٹروں نے ہر وارڈ میں فتح سے ہمکنار کیا۔ یہاں 46 فیصد لوگ غیر بنگالی ہیں اور سبھی نے مجھے ووٹ دیا۔” ممتا بنرجی کی جیت سے ٹی ایم سی میں جشن کا ماحول ہے۔

دوسری طرف بی جے پی امیدوار پرینکا ٹبریوال نے شکست کے باوجود خود کو ‘مین آف دی میچ’ بتایا۔ انھوں نے کہا کہ "بھلے ہی یہ الیکشن ممتا بنرجی جیت گئیں، لیکن اس کھیل کی مین آف دی میچ میں ہوں، کیونکہ ان کے علاقے میں جا کر الیکشن لڑا اور 25 ہزار سے زیادہ ووٹ ملے۔ ٹی ایم سی کے نائب صدر تو فرضی ووٹروں کو بوتھ میں گھساتے ہوئے نظر آئے تھے۔”

بہرحال، بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے جیت حاصل کرنا ممتا بنرجی کے لیے بہت اہم تھا، کیونکہ انھیں وزیر اعلیٰ کی کرسی پر برقرار رہنے کے لیے اسمبلی کا رکن بننا لازمی ہے۔ اپنی کامیابی کے بعد ممتا بنرجی نے وقت پر انتخاب کرانے کے لیے انتخابی کمیشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے وہ ہمیشہ تیار رہی ہیں، اور آگے بھی سرگرم رہیں گی۔