مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 24 جنوری کو ایک سڑک حادثہ میں زخمی ہو گئیں۔ انھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ممتا بنرجی وردمان میں ایڈمنسٹریٹو افسران کے ساتھ میٹنگ ختم کر واپس لوٹ رہی تھیں۔ انھیں چوٹ کار میں اچانک بریک لگانے کی وجہ سے لگی ہے۔ حالانکہ فی الحال یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ چوٹ کتنی شدید ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ممتا بنرجی کی کار تیز رفتاری کے ساتھ کولکاتا کی طرف بڑھ رہی تھی۔ ایک جگہ راستہ اونچا ہونے کی وجہ سے ڈرائیور نے اچانک بریک لگا دیا۔ اس اچانک بریک کی وجہ سے ممتا بنرجی کو آگے کی طرف جھٹکا لگا اور ان کی پیشانی میں چوٹ لگ گئی۔ انھیں فوری طور پر ایس ایس کے ایم اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ وردمان میں میٹنگ سے پہلے ممتا بنرجی نے ایک عوامی تقریب میں شرکت کی تھی۔ یہاں سے ممتا بنرجی کو بذریعہ ہیلی کاپٹر مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا پہنچنا تھا۔ خراب موسم کی وجہ سے وہ ہوائی سفر نہیں کر سکیں اور سڑک کے راستہ کولکاتا پہنچنے کا منصوبہ بنایا۔ کئی گاڑیوں پر مشتمل ان کا قافلہ کولکاتا کی طرف بڑھ رہا تھا تبھی اچانک یہ حادثہ پیش آیا۔ امید کی جا رہی ہے کہ ممتا بنرجی کو سنگین چوٹ نہیں لگی ہوگی اور جلد ہی وہ اسپتال سے ڈسچارج بھی ہو جائیں گی۔