مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا طیارہ حادثہ کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔ وہ اتر پردیش سے کولکاتا واپس لوٹ رہی تھیں جب کولکاتا ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل طیارہ اچانک ہوا کے دباؤ میں آ گیا۔ پائلٹ نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل حالات پر قابو پایا اور حفاظت کے ساتھ طیارے کی لینڈنگ کرائی۔ بتایا جاتا ہے کہ طیارہ میں اچانک اتنا تیز جھٹکا لگا کہ ممتا بنرجی کی پیٹھ میں درد ہو گیا۔ طیارہ تیزی کے ساتھ نیچے آنے لگا تھا، اور پھر پائلٹ نے کسی طرح اس پر قابو پایا۔
ذرائع کے حوالے سے خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ موسم صاف تھا، لیکن اس کے باوجود طیارہ ہوا کے دباؤ کی وجہ سے اچانک نیچے آنے لگا اور اس وقت جھٹکا بھی محسوس کیا گیا۔ اس معاملے کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔ یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر صاف موسم میں بھی ہوا کا دباؤ کیوں محسوس ہوا اور طیارہ تیزی کے ساتھ نیچے کیوں آنے لگا۔
غور طلب ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سماجوادی پارٹی کے لیے انتخابی تشہیر کے مقصد سے اتر پردیش گئی ہوئی تھیں۔ انھوں نے وارانسی میں جلسۂ عام کے دوران بی جے پی اور مرکزی و ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے خطاب کے دوران عوام سے یہ وعدہ بھی کیا کہ اکھلیش یادو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ بنے تو ان کی حلف برداری میں بھی شامل ہوں گی۔