گجرات میں اسلام کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد پولس کا کہنا ہے کہ ماحول خراب کرنے کی اس کوشش کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مسلم طبقہ کے اہم لیڈروں سے اس سلسلے میں پولس کی ملاقات بھی ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اس کا نام شیلیش سارنگ ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ پر شائع ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ پولس نے ملزم شیلیش کا موبائل فون ضبط کر لیا ہے۔ ملزم نے اسی فون کا استعمال کر ایک واٹس ایپ گروپ پر اسلام کے خلاف نازیبا اور قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ اس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ پولس تھانہ پہنچ گئے تھے۔ پولس کا کہنا ہے کہ ملزم شیلیش سارنگ کے خلاف جواہر روڈ باشندہ ظہیر احمد کاسلی کے ذریعہ شکایت درج کرائی گئی تھی۔ پولس نے گرفتار نوجوان سے پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔

گجرات کے نوساری واقع بلیمورا تعلقہ کے بندر روڈ باشندہ شیلیش کی گرفتاری سنیچر کے روز ہی عمل میں آئی۔ بلیمورا پولس ڈپٹی انسپکٹر کے ایم وساوا نے بتایا کہ پورے علاقے میں نظام امن برقرار رکھنے کے لیے ہم مسلم لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں۔ ملزم نوجوان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پورے معاملے کی جانچ شروع ہو گئی ہے اور مسلم طبقہ اس معاملے میں سخت کارروائی کی امید کر رہے ہیں۔