عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی لمیٹڈ ایڈیشن والی قیمتی گھڑی چرانے کے الزام میں گرفتار کیے گئے چور کے گھر سے مزید کئی قیمتی چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولس نے بتایا کہ ملزم کے گھر پر تلاشی مہم کے دوران 7 یادگار چیزیں ملی ہیں جن میں ایک ٹوپی، جوتے اور ایک گڑیا شامل ہے۔ برآمد سامان آنجہانی فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کا ہے یا نہیں اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
چور کے گھر سے سامانوں کی برآمدگی کے سلسلے میں اسپیشل ڈی جی پی (نظم و نسق) جی پی سنگھ نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ میراڈونا کی ہبلوٹ گھڑی اور کئی یادگار چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔ ان میں جیکٹ، ٹریک پینٹ، ٹی شرٹ، جوتے، گڑیا، اسکویش ریکٹ، گھڑی، لائٹر، ٹوپی اور آئی پیڈ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سامان کہاں کہاں سے لایا گیا ہے اس کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
واضح ہو کہ آسام کے ڈی جی پی بھاسکر جیوتی مہنت نے سنیچر کو کہا تھا کہ میراڈونا کے سامان کو محفوظ رکھنے والی دبئی کی ایک کمپنی میں سیکورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنے والے شخص کو شیوساگر ضلع سے آنجہانی فٹبالر کی لمیٹڈ ایڈیشن والی ہبلوٹ گھڑی چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ڈی جی پی بھاسکر جیوتی نے اس بات کی بھی جانکاری دی کہ ملزم نے کچھ دنوں کے لیے متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کے بعد یہ کہتے ہوئے اگست میں آسام لوٹنے کے لیے چھٹی لے لی تھی کہ اس کے والد بیمار ہیں۔