اتر پردیش کے شاملی میں موجود ایک پٹاخہ فیکٹری میں زبردست دھماکہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ یہ حادثہ 10 دسمبر کی دوپہر تقریباً 1 بجے پیش آیا جس میں کئی مزدوروں کے چیتھڑے اڑ گئے۔ شاملی کے بٹراڑا گاؤں واقع پٹاخہ فیکٹری میں ہوئے دھماکہ کی آواز دور تک سنائی دی جس کے بعد لوگ تیزی کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچے۔ پولس کو بھی اطلاع دی گئی اور فوری طور پر بچاؤ و راحت رسانی کا کام شروع کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دھماکہ اس قدر تیز تھا کہ کئی مزدوروں کے جسم کے چیتھڑے اڑ کر اِدھر اُدھر بکھر گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ سے آس پاس کے علاقے بری طرح دہل گئے۔ زوردار دھماکہ کی وجہ سے فیکٹری کی عمارت کا کچھ حصہ بھی گر گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ کچھ فیکٹری ملازمین ملبے میں دبے ہوئے ہو سکتے ہیں۔ حادثہ میں زخمی ہوئے کئی لوگوں کو قریبی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ مہلوکین کی تعداد سے متعلق فی الحال کچھ بھی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹاخہ فیکٹری میں مزدور پٹاخہ بنانے میں مصروف تھے جب اچانک دھماکہ ہوا۔ اس دھماکہ سے قریب میں موجود کچھ مکانوں میں بھی شگاف پیدا ہو گیا ہے۔ جب فیکٹری میں حادثہ کی خبر مزدوروں کے اہل خانہ کو ہوئی تو ایک کہرام سا مچ گیا۔ سبھی دوڑتے ہوئے جائے حادثہ پر پہنچے۔ پولس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔