ہندوستان میں بڑھتی فرقہ پرستی اور عدم برداشت والے ماحول پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں فرقہ پرست عناصر کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ایک طبقہ کو بھی شدید نشانہ بنایا ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’فرقہ پرست عناصر کے ذریعہ جلائی گئی نفرت کی چنگاری کو میڈیا کا ایک طبقہ آگ کی شکل میں پیش کرتا ہے۔ ہر دن صحافت کا خون کیا جا رہا ہے، لیکن افسوس کہ جن ہاتھوں میں اس وقت ملک کی آئین اور قانون کی حفاظت کی ذمہ داری ہے، انھوں نے اپنے کان اور آنکھیں بند کر لی ہیں۔‘‘

اس ٹوئٹ کے ساتھ مولانا سید ارشد مدنی کی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’آج جو نفرت پائی جاتی ہے، ملک کی آزادی اور تقسیم کے وقت بھی نفرت ایسی نہیں تھی۔ نفرت ہو رہی ہے اور جن کے ہاتھ میں اقتدار ہے اس کی زبان پر تالے پڑے ہوئے ہیں۔ کوئی اس نفرت کے خلاف نہیں بولتا۔ ہم بولتے ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ ملک نفرت سے برباد ہو جائے گا۔‘‘ شدید معاشی بحران میں مبتلا سری لنکا کی مثال پیش کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں ’’آپ کے برابر میں سری لنکا برباد ہو گیا، نفرت کی بنیاد پر برباد ہو گیا۔ ہمیں ملک سے پیار ہے، ہم اپنے ملک کو ہرا بھرا دیکھتے رہنا چاہتے ہیں۔‘‘