آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اراکین نے اتفاق رائے سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں چلی دو روزہ میٹنگ کے بعد مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا نیا صدر منتخب کرنے کا اعلان کیا گیا۔ وہ بورڈ کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں اور اس سے قبل بورڈ کے جنرل سکریٹری کی ذمہ داری بھی سنبھال چکے ہیں۔

غور طلب ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی کا طویل علالت کے بعد 13 اپریل 2023 کو انتقال ہو گیا تھا۔ تب سے بورڈ کو نئے صدر کا انتظار تھا اور آج یہ انتظار ختم ہو گیا۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی بورڈ کے پانچویں صدر ہیں۔ پہلے صدر مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی تھے۔ مولانا رابع حسنی ندوی بورڈ کے چوتھے صدر تھے جو کہ جون 2002 سے لگاتار 21 سال تک یہ ذمہ داری نبھاتے رہے۔

واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا قیام 1973 میں ہوا تھا۔ اس کا مقصد ملک میں مسلمانوں کے پرسنل لاء کی حفاظت کرنا اور مسلم ایشوز کو حکومت کے سامنے رکھنا ہے۔ یہ مسلمانوں کا سب سے طاقتور ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔ بورڈ میں مجموعی طور پر 251 اراکین ہیں۔ اس کے بانی اراکین میں 102 لوگ شامل ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو بورڈ میں 149 عام اراکین ہوتے ہیں جن کے لیے ہر 3 سال میں انتخاب کرائے جاتے ہیں۔