آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی نے دہلی میں میونسپل کارپوریشن انتخاب کے پیش نظر چاندنی محل (وارڈ نمبر 76) سے سابق کانگریس لیڈر اور مشرقی دہلی سٹی ڈپٹی پریسیڈنٹ نصیرالحسن عرف نصیر جھنجھانوی کو اپنا امیدوار مقرر کیا ہے۔ گزشتہ دنوں ہی نصیرالحسن کانگریس چھوڑ کر مہیلا امپاورمنٹ پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ اب نصیرالحسن ’گھر گھر ملاقات‘ مہم شروع کر پارٹی کے مقاصد اور اہداف سے عوام کو متعارف کراتے ہوئے انتخابی نشان ’ہیرا‘ پر ووٹ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ انھوں نے گلی کلو ہوس، سوئی والان، مرلی بان، گلی کوتن، چاندنی محل، گنج ویر خان، دہلی گیٹ، چرچ گیٹ، حاتم بخاری، گدھے والان، محلہ قبرستان، گلی شنکر، گلی چھتر عالمی وغیرہ کا دورہ کر چاندنی محل وارڈ کو ’دہلی کا چندن‘ بنانے کا وعدہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی قومی صدر ڈاکٹر نوہیرا شیخ مذہب، ذات اور دہلی کی آلودہ سیاست سے اوپر اٹھ کر کام کرنے کا عزم پہلے ہی ظاہر کر چکی ہیں۔ وہ ’جسٹس فار ہیومینٹی‘ کا نعرہ بلند کرتی ہیں اور چاندنی محل وارڈ امیدوار نصیرالحسن بھی عوام کے درمیان یہ باتیں رکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’اس وقت سیاسی پارٹی لیڈران جس غلیظ زبان کا استعمال کر رہے ہیں، اس سے نوجوان طبقہ پر برا اثر پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نوجوانوں اور خواتین کے لیے ایک صاف ستھرا اور سازگار ماحول دینا چاہتی ہیں۔‘‘ نصیرالحسن نے ’گھر گھر ملاقات‘ مہم کے دوران میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کے سیاہ کارناموں سے بھی لوگوں کو واقف کرایا۔