دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخاب کا آج نتیجہ جاری کیا گیا۔ 250 وارڈوں کے لیے گزشتہ 4 دسمبر کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور آج برآمد نتیجہ نے کانگریس کو شدید جھٹکا دیا ہے۔ اس کے محض 9 امیدواروں کو کامیابی ملی ہے جن میں سے 7 مسلم امیدوار ہیں۔ گویا کہ مسلمانوں نے کسی طرح کانگریس کی عزت بچا لی، ورنہ حالات مزید دگرگوں ہوتے۔ حالانکہ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیے یہ بری خبر ہے کیونکہ مسلمانوں نے اس سے دوری بناتے ہوئے ایک بار پھر کانگریس پر اپنا بھروسہ ظاہر کیا ہے۔
ایم سی ڈی الیکشن کے برآمد نتائج کے مطابق عآپ کو 134 اور بی جے پی کو 104 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ ان دونوں پارٹیوں میں مسلم امیدواروں کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو عآپ کے 6 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ بی جے پی کے ذریعہ کھڑے کیے گئے سبھی 4 امیدواروں کو شکست ملی ہے۔ مجموعی طور پر 14 مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں ایک آزاد امیدوار شامل ہے۔ ذیل میں پیش ہے سبھی 14 کامیاب مسلم امیدواروں کی تفصیل۔
اریبہ خان (ابوالفضل انکلیو، کانگریس)، نازیہ خاتون (برجپوری، کانگریس)، شگفتہ چودھری زبیر (چوہان بانگر، کانگریس)، ظریف (کبیر نگر، کانگریس)، سمیر احمد (شاستری پارک، کانگریس)، نازیہ دانش (ذاکر نگر، کانگریس)، سبیلہ بیگم (مصطفیٰ آباد، کانگریس)، محمد صادق (بلیماران، عآپ)، رفیعہ ماہر (بازار سیتارام، عآپ)، آلِ محمد اقبال (چاندنی محل، عآپ)، سلطانہ عبد (جامع مسجد، عآپ)، شمیم بانو (قریش نگر، عآپ)، محمد عامل ملک (سری رام کالونی، عآپ)، شکیلہ بیگم (سیلم پور، آزاد)