آپ کو فلم ’دنگل‘ کی زائرہ وسیم تو یاد ہوگی جنھوں نے بالی ووڈ میں چند فلموں سے ہی شہرت حاصل کر لی تھی۔ پھر انھوں نے بالی ووڈ کو یہ کہتے ہوئے الوداع کہہ دیا کہ یہ راستہ انھیں مذہب سے دور لے جا رہا ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ ’بگ باس 11‘ سے شہرت حاصل کرنے والی مہ جبیں صدیقی کے ساتھ پیش آیا ہے۔ انھوں نے گلیمر کی دنیا سے دور رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔

مہ جبیں صدیقی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’میں اپنی زندگی اللہ کو وقف کر رہی ہوں۔ میں یہ اس لیے لکھ رہی ہوں کیونکہ میں دو سال سے بہت پریشان تھی۔ مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ایسا کیا کروں جس سے مجھے سکون ملے۔ انسان جب گناہ کرتا ہے تو اس گناہ کی لذت تھوڑی دیر میں ختم ہو جاتی ہے، لیکن اس کا گناہ قیامت تک رہتا ہے۔ میں نے محسوس کیا ہے کہ میں اپنی اصل زندگی کو بھول کر دنیا کی نمائش والی زندگی جی رہی تھی۔‘‘

سوشل میڈیا پوسٹ میں مہ جبیں یہ بھی لکھتی ہیں کہ ’’اللہ کی نافرمانی کر کے انسان کو کبھی سکون نہیں مل سکتا۔ آپ چاہے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے کتنا بھی اچھا کر لو اور چاہے کتنا بھی وقت دے دو، لوگ آپ کی کبھی قدر نہیں کریں گے۔ اس سے بہتر ہے کہ آپ اپنا وقت اللہ کو خوش کرنے میں لگائیں۔ جس سے میری اور آپ کی آخرت بہتر ہو جائے۔‘‘