حجاب تنازعہ معاملے میں حسینۂ کائنات ہرناز کور سندھو حجاب پسند کرنے والی لڑکیوں کی حمایت میں کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے طالبات کے حق کی آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’لڑکیوں کے پنکھ مت کاٹو، وہ جس طرح جینا چاہتی ہیں انہیں جینے دینا چاہیے۔‘‘ ساتھ ہی ہرناز نے لڑکیوں کو مسلسل پریشان کیے جانے پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر صرف لڑکیوں کو ہی کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟
دراصل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک رپورٹر جب ہرناز سے حجاب معاملے پر ان کے خیالات جاننا چاہتا ہے تو وہ اس پر ناراض ہو جاتی ہیں اور کہتی ہیں ’’سماج میں کتنی بار لڑکیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، سچ کہوں تو آپ ہمیشہ لڑکیوں کو ہی کیوں نشانہ بناتے ہو؟ اب بھی آپ مجھے نشانہ بنا رہے ہو۔‘‘ ہرناز نے مزید کہا کہ ’’لڑکیوں کو اپنی مرضی سے جینے دو، انہیں ان کی منزل تک پہنچنے دو، یہ اس کے پنکھ ہیں، انہیں مت کاٹو۔‘‘
غور طلب ہے کہ اس وقت پورے ملک میں حجاب معاملہ چھایا ہوا ہے۔ اس کی شروعات کرناٹک سے ہوئی۔ اس کے بعد کئی ریاستوں سے حجاب سے جڑے معاملے سامنے آنے لگے۔ حال ہی میں مدھیہ پردیش کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک طالبہ یونیورسٹی کے کلاس روم میں نماز ادا کر رہی ہے۔ اس پر زبردست تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ پر کارروائی کرنے کا دباؤ بھی بنایا جا رہا ہے۔