چنئی: تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل کے ریاستی سکریٹری محمد مزمل نے بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد مزمل نے کہا کہ ’’نریندر مودی اور امت شاہ کو ہندی بولنے والی ریاستوں یعنی ہندی بیلٹ کی ضرورت ہے اور وہ وہاں نفرت کی سیاست کر رہے ہیں۔ وہ ہندوستان کی دیگر ریاستوں کی طرف زیادہ توجہ نہیں دیتے کیونکہ یہاں نفرت کی سیاست کارگر نہیں۔‘‘

محمد مزمل نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کی تعریف کرتے ہوئے انھیں نریندر مودی کی مخالفت کرنے والی سب سے بڑی قوت قرار دیا۔ محمد مزمل نے کہا کہ ایم کے اسٹالن کسی چیز کے پروا کیے بغیر تمل ناڈو کے لوگوں کی آواز اٹھا رہے ہیں، ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اسٹالن حکومت کے ذریعہ تمل ناڈو میں پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کیے جانے کے بعد اے آئی اے ڈی ایم کے پارٹی کے ذریعہ احتجاج درج کیے جانے پر مزمل نے کہا کہ یہ صرف اے آئی اے ڈی ایم کے کی اپنی موجودگی درج کرنے کی کوشش ہے، وہ اسٹالن کے اقدام کو روک نہیں پائے گی۔

تمل ناڈو میں بی جے پی کے وجود پر محمد مزمل نے کہا کہ ’’گجرات یا اتر پردیش جیسے لوگ یہاں نہیں ہیں۔ عوام بیدار ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی قومی پارٹی نہیں بلکہ کچھ ریاستوں تک محدود پارٹی ہے۔‘‘