مشہور صحافی کنوردیپ سنگھ نے 22 اپریل کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا تھا۔ ویڈیو میں 10 سالہ محمد حنان اور اس کی ماں ایک تہنیتی تقریب میں کھڑی ہیں اور تہنیت پیش کی جا رہی ہے حنان کو۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر محمد حنان نے ایسا کیا کر دیا جس کے لیے باضابطہ ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس نے دراصل ایمانداری اور اخلاق کی بہترین مثال پیش کی تھی۔ حنان نے سڑک پر پڑے ہوئے 5 لاکھ روپے اس کے حقیقی مالک کے حوالے کیا تھا۔

کنوردیپ سنگھ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا ’’ملاقات کیجیے 10 سالہ ہیرو محمد حنان سے جو بریلی میں ایک بائک میکینک کا بیٹا ہے۔ اسے اپنی ماں ترنم کے ساتھ گھر جاتے وقت سڑک پر 5 لاکھ روپے کا ایک بیگ پڑا ملا۔ اس نے بیگ کھولا، نوٹوں کے کئی بنڈل دیکھے۔ اس نے وہیں پر رک کر بیگ مالک کا انتظار کیا اور بیگ مالک کو واپس کر دیا۔‘‘

یہ واقعہ کب کا ہے یہ تو نہیں بتایا گیا، لیکن لوگ ویڈیو پر لگاتار تبصرے کر رہے ہیں اور محمد حنان کی ایمانداری کے قصیدے بھی پڑھ رہے ہیں۔ اب تک اس ویڈیو کو 2 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھا ہے اور تقریباً 10 ہزار افراد لائک کر چکے ہیں۔ کوئی حنان کو حقیقی مسلمان بتا رہا ہے، تو کوئی اس عمل کو ایمان کی طاقت۔ محمد حنان کے والدین کی بھی تعریف ہو رہی ہے جنھوں نے اپنے بچے کو ایسی بہترین تربیت دی۔