انگلینڈ کے خلاف 12 جولائی کو ہندوستان نے یک روزہ میچ میں 10 وکٹ سے تاریخی فتح تو حاصل کی ہی، تیز گیندباز محمد سمیع نے ایک اہم ریکارڈ بھی بنایا۔ سمیع نے یک روزہ میچوں میں اپنے 150 وکٹ مکمل کیے اور وہ بھی 80ویں مقابلے میں۔ یعنی وہ سب سے تیز 150 وکٹ حاصل کرنے والے ہندوستانی گیندباز بن گئے ہیں۔ انھوں نے اجیت اگرکر کا ریکارڈ توڑا جنھوں نے 150 وکٹ کے لیے 97 میچ کا وقت لیا تھا۔
150ویں وکٹ کی شکل میں محمد سمیع نے انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر کو آؤٹ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی وہ عالمی سطح پر تیز ترین 150 وکٹ لینے والے گیندبازوں کی فہرست میں افغانستان کے اسپن گیندباز راشد خان کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے مقام پر پہنچ گئے۔ پہلے مقام پر آسٹریلیا کے تیز گیندباز مشیل اسٹارک ہیں جنھوں نے 77 میچوں میں 150 وکٹ لیے تھے۔ پاکستان کے اسپن گیندباز ثقلین مشتاق نے 78 میچوں میں 150 وکٹ لیے تھے اور وہ دوسرے مقام پر ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ محمد سمیع نے نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ (81 میچ) اور آسٹریلیا کے تیز گیندباز بریٹ لی (82 میچ) کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اگر سب سے کم گیندوں پر 150 وکٹ حاصل کرنے کی بات کی جائے، تو محمد سمیع کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔ انھوں نے 150 وکٹ کے لیے 4071 گیندیں پھینکیں۔ ان سے اوپر مشیل اسٹارک (3857 گیندیں)، اجنتا مینڈس (4029 گیندیں)، ثقلین مشتاق (4035 گیندیں) اور راشد خان (4040 گیندیں) ہیں۔