وراٹ کوہلی نے گزشتہ دنوں ٹیسٹ میچوں کی کپتانی سے بھی استعفیٰ دے کر سبھی کو حیران کر دیا تھا۔ کوہلی کے اس فیصلے سے کرکٹ شائقین تو مایوس ہیں ہی، ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی بھی غمزدہ ہیں۔ ٹیم کے جوشیلے تیز گیندباز محمد سراج نے کوہلی کے کپتانی چھوڑنے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے سابق کپتان کی جم کر تعریف کی اور انھیں ’سپر ہیرو‘ قرار دیا ہے۔
محمد سراج نے انسٹاگرام پر لکھا ہے ’’میرے سپر ہیرو، آپ سے ملی حمایت اور حوصلہ افزائی کے لیے میں پورے طور پر شکریہ بھی ادا نہیں کر سکتا۔ آپ ہمیشہ میرے لیے عظیم بھائی رہے ہیں۔ ان برسوں میں مجھ پر بھروسہ اور یقین کرنے کے لیے شکریہ۔ کنگ کوہلی آپ ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے۔‘‘
غور طلب ہے کہ وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سے پہلے کوہلی نے ٹی-20 کی کپتانی سے استعفیٰ دیا تھا، جبکہ ونڈے کی کپتانی سے انھیں بی سی سی آئی نے ہٹایا تھا پر وہ ناراض بھی ہوئے تھے۔ کوہلی کو ونڈے کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے معاملے پر کافی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا اور ہندوستانی کرکٹ میں ہلچل سی پیدا ہو گئی تھی۔ ویسے کوہلی 19 جنوری کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے وَنڈے میں میدان پر ایکشن میں نظر آنے والے ہیں۔ حالانکہ پہلے انہوں نے ونڈے سے نام واپس لے لیا تھا۔