ہندوستانی ٹیم کے ذریعہ  گابا میدان کا ’گھمنڈ‘ توڑتے ہوئے آسٹریلیا کا قلعہ قمع کیے جانے کے ایک سال بعد اس تاریخی فتح پر ڈاکومنٹری بنائی گئی ہے۔ یہ ڈاکومنٹری 14 جنوری 2022 کو ریلیز ہوگی۔ سونی اسپورٹس کی طرف سے تیار اس ڈاکومنٹری کا نام A story of DownUnderdogs – India’s Greatest Comeback ہے۔

ڈاکومنٹری میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پہلے ٹیسٹ میں صرف 36 رن بناکر آؤٹ ہونے والی ہندوستانی ٹیم متحد ہوئی اور پھر کپتان اجنکیا رہانے کی سنچری کے بعد ٹیم میں ایک نیا جوش پیدا ہوا جو آگے چل کر بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے سیریز جیتنے کی اہم وجہ بنا۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ 32 سال میں آسٹریلیا کو گابا کے میدان پر کبھی شکست نہیں ہوئی تھی۔ چوٹوں کی وجہ سے سینئر کھلاڑیوں کی غیرموجودگی کے باوجود ہندوستانی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے وہ کارنامہ انجام دیا جو پچھلے 32 سالوں تک کوئی ٹیم نہیں کر سکی تھی۔

ڈاکومنٹری کا سب سے خاص لمحہ وہ ہے جب محمد سراج نے آنسوؤں کے ساتھ اُس وقت کے اپنے احساسات بیان کیے۔ سیریز کے دوران ہی ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا، لیکن وہ آسٹریلیا میں ہی رکے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد سراج ڈاکومنٹری میں کہہ رہے ہیں ’’ممی نے مجھے وہاں پر ہی رکنے اور کرکٹ کھیلنے کو کہا تھا تاکہ والد کا خواب پورا ہو سکے۔‘‘ ڈاکومنٹری میں گواسکر، مانجریکر سمیت کئی دیگر کھلاڑیوں نے بھی اس سیریز سے متعلق اپنی بات کہی ہے۔