آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت اور تنظیم ائمہ مساجد کے سربراہ ڈاکٹر امام عمیر احمد الیاسی کی 22 ستمبر کو ہوئی ملاقات موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ اس ملاقات سے زیادہ سرخیاں ملاقات کے بعد عمیر احمد الیاسی کے ذریعہ دیے گئے بیانات بن رہی ہیں۔ اپنے بیان میں انھوں نے نہ صرف موہن بھاگوت کو ’راشٹرپتا‘ قرار دیا، بلکہ ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ ’جو انھوں نے کہہ دیا ٹھیک ہے۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ’نیوز 24‘ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں وہ مذکورہ بالا بیان دیتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے اور کئی لوگ اس بیان پر حیرت زدہ بھی ہیں۔ حیرانی کی وجہ یہ ہے کہ ایک بڑا مسلم طبقہ آر ایس ایس کو مسلم مخالف تنظیم تصور کرتا ہے۔ ایسی تنظیم کے سربراہ کو ’راشٹرپتا‘ کہنا یقیناً کئی لوگوں کے گلے سے نیچے نہیں اترے گا۔ حالانکہ عمیر الیاسی نے اس ملاقات کو مثبت نظر سے دیکھنے کی گزارش کی ہے۔

بہرحال، ’نیوز 24‘ کی ویڈیو میں رپورٹر سوال کرتا نظر آ رہا ہے کہ ’’موہن بھاگوت جی کا کچھ وقت پہلے ایک بیان آیا تھا کہ ہندو اور مسلمان کا ڈی این اے ایک ہے، اور مسلمان کے بغیر ہندوستان پورا نہیں ہوتا۔ آپ کیا کہیں گے؟‘‘ اس کے جواب میں ڈاکٹر امام عمیر احمد الیاسی کہتے ہیں ’’جو انھوں نے کہا وہ صحیح ہے، چونکہ وہ راشٹرپتا ہیں جو انھوں نے کہہ دیا ٹھیک ہے۔‘‘