بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان اور کرن راؤ کا کچھ دنوں پہلے طلاق ہو چکا ہے۔ لیکن انہوں نے اچھے دوست اور کام میں پارٹنر رہنے کا جو وعدہ کیا تھا اسے دونوں بخوبی نبھا رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق عامر خان اپنی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سے بطور پروڈیوسر جڑ گئے ہیں۔ دونوں نے طلاق ہونے کے بعد ’لال سنگھ چڈا‘ میں بھی ساتھ کام کیا تھا۔ کرن اس فلم سے بطور پروڈیوسر جڑی ہوئی ہیں۔
’مڈ ڈے‘ کی خبر کے مطابق کرن راؤ نے جب اپنی تازہ فلم کی اسکرپٹ عامر کو سنائی تو انھوں نے کافی پسند کیا اور اسے پروڈیوس کرنے کے لیے راضی ہو گئے۔ یہ ایک کامیڈی ڈرامہ فلم ہوگی۔ اس کا پہلا شیڈول 20 جنوری سے شروع ہوگا جبکہ 15 اپریل تک شوٹنگ مکمل ہونے کا امکان ہے۔ فلم کی کہانی بپلو گوسوامی نے لکھی ہے۔ اس میں اسپرش شریواستو، پرتبھا رانتا اور 15 برس کی نتانشی گویل اہم کردار میں ہوں گی۔ فلم کا نام ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔
غور طلب ہے کہ کرن راؤ نے ایک دہائی قبل ’دھوبی گھاٹ‘ کے ذریعہ ہدایت کاری میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ اس میں عامر خان اور پرتیک ببر نظر آئے تھے۔ بہرحال، عامر اور کرن کے رشتے کی بات کریں تو دونوں 2001 میں ’لگان‘ کے سیٹ پر ایک دوسرے کے قریب آئے تھے۔ 2005 میں انہوں نے شادی کرلی تھی اور 2021 میں دونوں علیحدہ ہو گئے۔