شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کے لیے ایک بڑی راحت کی خبر سامنے آئی ہے۔ ممبئی کروز کیس میں این سی بی (نارکوٹکس کنٹرول بیورو) نے انھیں کلین چٹ دے دی ہے۔ اس نے 27 مئی کو عدالت میں جو چارج شیٹ پیش کی ہے، اس میں آرین خان سمیت 6 لوگوں کے نام موجود نہیں ہیں۔ این سی بی ڈائریکٹر جنرل ایس این پردھان کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ سمیر وانکھیڑے (جو پہلے ممبئی کروز کیس میں جانچ افسر تھے) اور ان کی ٹیم سے غلطی ہوئی ہے۔

اس تعلق سے ’آج تک‘ پر ایک خبر شائع ہوئی ہے جس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اب سمیر وانکھیڑے کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سمیر وانکھیڑے کے خلاف حکومت نے کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وانکھیڑے کے خلاف مہاراشٹر حکومت پہلے ہی فرضی کاسٹ سرٹیفکیٹ معاملے میں کارروائی کر رہی ہے۔ یعنی وانکھیڑے پر مزید ایک کارروائی کی تلوار لٹک رہی ہے۔

این سی بی کی تازہ چارج شیٹ میں آرین خان کے علاوہ جن 5 لوگوں کا نام شامل نہیں کیا گیا وہ ہیں اوین ساہو، گوپال جی آنند، سمیر سائیگھن، بھاسکر اروڑا، مانو سنگھل۔ چارج شیٹ میں 14 لوگوں کے خلاف الزام طے کیے گئے ہیں، یعنی ان لوگوں پر کیس چلایا جائے گا۔ غور طلب ہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر 2021 کو ممبئی سے گوا جانے والے کروزشپ میں چھاپہ ماری کی تھی۔ اس کروز پر آرین خان بھی موجود تھے۔