مشہور کرکٹر دنیش کارتک اور مرلی وجئے کا نام جب بھی ایک ساتھ لیا جاتا ہے تو ان دونوں کی گہری دوستی اور پھر دوریوں کی کہانی یاد آنے لگتی ہے۔ ان دونوں کا قصہ اتنا مشہور ہوا کہ ہر کرکٹ شیدائی جان گیا کہ دونوں کے درمیان تلخیوں کی وجہ کارتک کی سابقہ بیوی نکیتا ہیں۔ دراصل نکیتا اور وجئے کی نزدیکیوں کے سبب کارتک نے بیوی نکیتا کو طلاق دے دیا تھا، اور پھر وجئے نے نکیتا سے شادی کر لی۔ کرکٹ شیدائیوں کی ہمدردی اس معاملے میں ہمیشہ کارتک کے لیے دیکھنے کو ملتی ہے۔
کچھ ایسا ہی نظارہ تمل ناڈو پریمیر لیگ میں اس وقت دیکھنے کو ملا جب مدورائی پینتھرس اور روبی تریچی واریرس کے درمیان میچ کھیلا جا رہا تھا۔ روبی تریچی واریرس کی طرف سے بطور ایکسٹرا مین جب وجئے فیلڈنگ کے لیے اترے تو اسٹینڈ سے کچھ کرکٹ شیدائیوں نے انھیں کارتک کے نام سے چھیڑنا شروع کر دیا۔ اس سے مرلی وجئے اتنے ناراض ہوئے کہ میدان سے نکل کر اسٹینڈ میں پہنچ گئے اور ایک نوجوان سے ہاتھاپائی کرنے لگے۔ اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مرلی وجئے اسٹینڈ میں کسی کے ساتھ ہاتھا پائی کر رہے ہیں اور کرکٹ ناظرین کی بھیڑ تیزی سے ان کی طرف بڑھتی ہے۔ اسی درمیان گارڈس وہاں پر پہنچتے ہیں اور پھر معاملہ رفع دفع ہو جاتا ہے۔ مرلی وجئے دوبارہ میدان میں چلے جاتے ہیں، لیکن اس درمیان بھی کچھ لوگ ان کی تضحیک کرتے نظر آئے۔