ایک بار پھر ’جئے شری رام‘ کا نعرہ نہیں لگانے پر مسلم شخص کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ دہلی سے علی گڑھ جا رہی پدماوت ایکسپریس میں پیش آیا ہے جس میں ایک مسلم کاروباری کی بے رحمی کے ساتھ پٹائی کی گئی۔ متاثرہ شخص کا الزام ہے کہ جئے شری رام کا نعرہ نہ لگانے کی وجہ سے اسے کئی لوگوں نے چلتی ٹرین میں پیٹا۔

متاثرہ مسلم کاروباری کا نام عاصم حسین بتایا جا رہا ہے اور اس کا بیان جی آر پی (گورنمنٹ ریلوے پولس) نے درج کر لیا ہے۔ عاصم کا کہنا ہے کہ ٹرین میں زبردست بھیڑ کے درمیان کوچ میں گھسے کچھ نوجوانوں نے اسے چور کہتے ہوئے پیٹنا شروع کر دیا۔ اس کے کپڑے پھاڑ دیے گئے اور بیلٹ سے بھی خوب پٹائی کی گئی۔ اسے مذہبی نعرہ لگانے کو مجبور کیا گیا اور ایسا نہ کرنے پر اتنا پیٹا گیا کہ وہ بیہوش ہو گیا۔

اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ پٹائی کا واقعہ ہاپوڑ گڑھ مکتیشور کے نزدیک پیش آیا اور پھر مراد آباد ریلوے اسٹیشن پر عاصم کو پھینک دیا گیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جی آر پی اسکارٹ نے کچھ ملزم نوجوانوں کو بریلوی ریلوے اسٹیشن پر اتار کر حراست میں لے لیا ہے۔ اب پولس پورے معاملے کی جانچ میں مصروف ہو گئی ہے۔ جی آر پی کے مطابق دو ملزمین کو گرفتار کر جیل بھیجا گیا ہے۔ جی آر پی نے واقعہ کی خبر ملنے کے بعد از خود نوٹس لیتے ہوئے یہ کارروائی کی۔