بنگلورو کے بیلگاوی واقع ریلوے ٹریک پر گزشتہ 28 ستمبر کو ارباز آفتاب نامی ایک نوجوان کی لاش بری حالت میں برآمد ہوئی تھی۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یہ حادثاتی موت ہے۔ لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولس جانچ میں پتہ چلا ہے کہ 24 سالہ ارباز کا کسی نے قتل کیا ہے۔ معاملہ ایک مسلم لڑکے کا ہندو لڑکی سے محبت کرنے کا سامنے آ رہا ہے۔ حالانکہ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکے نے لڑکی سے رابطہ ختم کر لیا تھا، پھر بھی اسے موت کی سزا ملی اور ماں جوان بیٹے کی موت کے غم میں نڈھال ہے۔
سول انجینئرنگ میں گریجویٹ ارباز آفتاب بیلگاوی شہر میں کار ڈیلر کے طور پر کام کرتا تھا۔ کئی سالوں سے اس کی ہندو لڑکی سے دوستی تھی۔ ارباز کی ماں نجیمہ شیخ کے مطابق کچھ ہندو کارکنوں نے انھیں نتیجہ بھگتنے کی دھمکی دی تھی اور معاملہ سلجھانے کے لیے خاناپور پہنچنے کہا تھا۔ پھر 26 ستمبر کو نجیمہ اور ارباز وہاں گئے اور دھمکی دینے والوں کے سامنے ہی موبائل سے سبھی تصویریں ڈیلیٹ کر دیں۔ ارباز نے اپنا نمبر بھی بدل دیا۔ اس کے باوجود 28 ستمبر کو اس کا قتل کر دیا گیا۔ نجیمہ کو لڑکی کے والد پر شک ہے اور شکایت کے بعد معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ بیلگاوی ضلع پولس کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ کچھ ثبوتوں سے اشارے ملے ہیں کہ ارباز کا قتل کیا گیا ہے۔ سبھی ملزمین کی شناخت کر لی گئی ہے۔