بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی اکثر مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ انھوں نے ایک بار پھر پی ایم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ روس اور چین کے جھگڑے میں نریندر مودی کا حال پنچ تنتر کی کہانی والے چمگادڑ جیسا ہو گیا ہے۔

دراصل پنچ تنتر میں جب مویشیوں اور پرندوں کی لڑائی ہوتی ہے تو چمگادڑ آخری لمحے تک دونوں پر نگاہ رکھتا ہے۔ اس کی منشا فاتح گروپ میں شامل ہونے کی ہوتی ہے۔ وہ مویشیوں کو جیتتا ہوا دیکھتا ہے تو یہ کہتے ہوئے ان کے گروپ میں شامل ہو جاتا ہے کہ وہ مویشیوں جیسا ہے۔ جب مویشیوں کی شکست دکھائی دیتی ہے تو پرندوں سے کہتا ہے کہ وہ ان کے جیسا ہے۔ آخر میں جب لڑائی ختم ہوتی ہے تو مویشی اور پرندے دونوں ہی چمگادڑ کو نشانے پر لیتے ہیں، اور پھر اسے درخت سے لٹکنے کی سزا ملتی ہے۔

مذکورہ کہانی کو مدنظر رکھتے ہوئے سبرامنیم سوامی اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ شی جنپنگ پولت بیورو گروپ کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں۔ یہ گروپ امریکہ کے ساتھ پھر سے اپنے رشتے بہتر کرنے کی وکالت کر رہا ہے۔ یوکرین سے جنگ میں روس لگاتار ہار رہا ہے۔ سوامی کا کہنا ہے کہ امریکہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں روس کی جگہ جاپان کو لانے کا خواہش مند ہے۔ ایسے میں مودی نہ گھر کے رہے، نہ گھاٹ کے۔ یعنی ان کی حالت درخت سے لٹکے چمگادڑ کی ہے۔