ویلڈنگ کا کام کر کے اپنا اور اپنے کنبہ کا پیٹ پالنے والے 70 سالہ نسیم الدین نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس نے انھیں پوری دنیا میں شہرت دلا دی ہے۔ پاکستان کے شہر کراچی میں رہنے والے بزرگ نسیم الدین نے ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس‘ کی سالگرہ کے موقع پر پوری دنیا میں ورلڈ ریکارڈ توڑے جانے کی کوششوں کے تحت ایک منٹ میں سب سے زیادہ سیب توڑنے کا فخر حاصل کیا ہے۔ انھوں نے برطانوی باشندہ کو شکست دے کر یہ عالمی ریکارڈ بنایا۔

پاکستانی نیوز چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق نسیم الدین کو موقع دیا گیا تھا کہ وہ عالمی ریکارڈ بنائے، اور انھوں نے ایسا کر دکھایا۔ بتایا جاتا ہے کہ نسیم الدین نے ایک منٹ میں 18 سیب اپنی مٹھی سے توڑے۔ دوسری طرف برطانوی شہری کے ذریعہ ایک منٹ میں 13 سیب ہی توڑے جا سکے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس‘ نے نسیم الدین کے ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے ای-میل بھی جاری کر دی ہے۔ یعنی کراچی کے بزرگ شہری نسیم الدین کا نام اب ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس‘ میں درج ہو گیا ہے۔ اس تعلق سے نسیم الدین کا کہنا ہے کہ ’’مجھے یقین نہیں آ رہا ہے کہ میں نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ میں یہ کارنامہ انجام دے کر بہت خوشی ہوں۔‘‘ نسیم الدین کی کامیابی پر ان کے اہل خانہ اور دوست و احباب بھی انتہائی خوش نظر آ رہے ہیں۔