کرکٹ کا خمار اب کچھ ممالک تک محدود نہیں رہ گیا ہے۔ اس کی مثال یوروپین کرکٹ چمپئن شپ ہے جس میں کئی ایسے ممالک شریک ہیں جن کے بارے میں کم ہی لوگوں کو معلوم ہے۔ ڈریم 11 یوروپین کرکٹ چمپئن شپ میں جمعہ کے روز ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں چیک ریپبلک نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 10 اوور میں 144 رن بنا ڈالے۔ کیا آپ یقین کریں گے کہ 145 رن کے ہدف کو اٹلی کی ٹیم نے آٹھویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

دراصل اٹلی کے سلامی بلے بازوں ناصر احمد اور عامر شریف نے ایسی دھواں دھار بلے بازی کی کہ ہر کوئی حیران رہ گیا۔ جب یہ میچ ختم ہوا تو عامر شریف 26 گیندوں پر 80 رن بنا کر، اور ناصر احمد 22 گیندوں پر 51 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر نے 72 رن تو 13 گیند پر ہی بنائے۔ یعنی انھوں نے ان 13 گیندوں میں 10 چھکّے اور 3 چوکے لگائے۔

دوسری طرف ناصر نے 22 گیندوں کی اپنی پاری میں 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ یعنی انھوں نے 8 گیندوں پر باؤنڈری سے 38 رن بنائے۔ جب ناصر اور عامر بلے بازی کر رہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ چھکّوں اور چوکوں کی بارش ہو رہی ہے۔ چیک ریپبلک کا کوئی بھی گیندباز ان دونوں سلامی بلے بازوں کو آؤٹ نہیں کر سکا۔ یعنی اٹلی کو اس میچ میں 10 وکٹوں سے جیت حاصل ہوئی۔