سپر اسٹار رجنی کانت اور ان کے داماد دھنش کے لیے 25 اکتوبر کا دن بے حد خاص ثابت ہوا۔ بروز سوموار رجنی کانت کو جہاں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا، وہیں دھنش کو فلم ’اَسورن‘ کے لیے بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ ملا۔ اس بے حد خاص موقع پر دھنش نے سپر اسٹار اور سسر رجنی کانت کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔ اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے دھنش نے لکھا ہے ’’جس اسٹیج پر میرے تھلائیوا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ جیت رہے تھے، اسی اسٹیج پر بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ جیتنا میرے لیے سنہرا لمحہ تھا۔ اسے بیاں نہیں کیا جا سکتا۔ مجھے یہ اعزاز دینے کے لیے نیشنل ایوارڈ جیوری کا بہت بہت شکریہ۔‘‘ دھنش نے اس پوسٹ کے ذریعہ میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری طرف رجنی کانت کی بیٹی اور دھنش کی شریک حیات ایشوریہ رجنی کانت نے بھی دونوں عظیم اداکار کی ساتھ میں تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے ’’یہ دونوں میرے اپنے ہیں، اور یہ تاریخی لمحہ ہے۔‘‘
اس سے قبل بالی ووڈ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری کو کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والے رجنی کانت نے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ملنے پر اظہارِ خوشی کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس ایوارڈ سے نوازنے کے لیے میں حکومت ہند کا بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں یہ ایوارڈ اپنے گرو کے. بالاچندر، اپنے بھائی ستیہ نارائن راؤ اپنے، ٹرانسپورٹ ڈرائیور دوست راج بہادر کو وقف کرتا ہوں۔‘‘