نوازالدین صدیقی بالی ووڈ میں ایک علیحدہ مقام حاصل کر چکے ہیں، لیکن اب بھی اپنی پرانی جدوجہد بھری زندگی کو نہیں بھولے ہیں۔ اسی لیے جب بھی انہیں موقع ملتا ہے وہ عام لوگوں کی بھیڑ بھاڑ اور دوڑ بھاگ والی زندگی سے روبرو ہونے سے ہچکچاتے نہیں ہیں۔ حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ممبئی کی لوکل ٹرین میں چہرہ چھپا کر سفر کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوازالدین نے لوگوں کی نظروں سے خود کو بچانے کے لیے چہرے پر بڑا ماسک لگا رکھا ہے، ساتھ ہی وہ سر پر رومال باندھے اور کالا چشمہ لگائے ہوئے ہیں۔ وہ اسٹیشن پر گھوم ہی رہے تھے کہ انہیں ایک شیدائی نے پہچان لیا۔ اس پر نواز نے بہت پیار سے اور دلکش انداز میں اس سے کیمرہ نیچے کرنے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’مت کر، پاگل ہے کیا۔‘‘

ویڈیو کے آگے کے حصہ میں نوازالدین صدیقی ممبئی لوکل میں بیٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ ایک کرسی پر کسی شخص کے ساتھ عجیب و غریب انداز اختیار کیے ہوئے بیٹھے ہیں۔ ان کو اس انداز میں دیکھ کر پہچاننا کافی مشکل ہے۔ پوری آستین کا شرٹ اور پینٹ پہنے نوازالدین کافی الگ نظر آ رہے ہیں۔ اس پورے سفر میں وہ لوگوں کی نظروں سے خود کو بچانے میں کامیاب رہے۔ اب تو یہ وقت ہی بتائے گا کہ نوازالدین صدیقی کا ممبئی لوکل کا یہ سفر یونہی تھا یا ان کی کسی فلم کے لیے ریہرسل۔