بھوجپوری کی مشہور گلوکارہ و نغمہ نگار نیہا سنگھ راٹھوڑ کو ’یوپی میں کا با‘ نغمہ نے خوب شہرت عطا کی۔ اس کے بعد بھی انھوں نے ملک کے موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کچھ بہترین نغمے بھوجپوری زبان میں پیش کیے۔ اب انھوں نے بہار کے تازہ ترین حالات پر ’بہار میں کا با‘ نغمہ پیش کیا ہے۔ اس نغمہ کو انھوں جس دلکش انداز میں گایا ہے، وہ لوگوں کو خوب پسند آ رہا ہے۔ یوٹیوب اور ٹوئٹر پر اس نغمہ کی ویڈیو نیہا سنگھ راٹھوڑ نے جیسے ہی پوسٹ کی، تیزی کے ساتھ وائرل ہونا شروع ہو گئی۔
اس نغمہ میں نیہا سنگھ نے ایک بار پھر بھوجپوری کے الفاظ کا استعمال کر سحر انگیزی پیدا کر دی ہے۔ انھوں نے نتیش کمار کے ذریعہ این ڈی اے سے الگ ہونے، اور پھر مہاگٹھ بندھن میں شامل ہو کر حکومت سازی کرنے کے عمل پر طنزیہ انداز میں حملہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ عوام کے ایشوز پر کسی کی توجہ نہیں، دھیان بس اپنی کرسی بچانے پر ہے۔ اس نغمہ میں نیہا سنگھ راٹھوڑ نے نتیش کمار کو چچا اور تیجسوی یادو کو بھتیجا کہہ کر مخاطب کیا ہے۔
اس نغمہ میں ویسے تو ہر سطر معنی خیز ہے اور موجودہ دور کی سیاست کی قلعی کھول کر رکھ دینے والا ہے، لیکن جہاں جہاں طنزیہ الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے وہ قابل داد ہے۔ خصوصاً اس نغمہ کا آخری سطر قابل سماعت ہے جس میں وہ کہتی ہیں ’’چچا-بھتیجا راضی، بھاڑ میں جائے پھوپھا جی‘۔